
کراچی: اسپتالوں کی مبینہ غفلت کے باعث معصوم نشوا سمیت دیگر کی ہلاکتوں کے کیسز کے بعد سندھ ہائیکورٹ میں سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن کی ناقص کارکردگی کے خلاف درخواست پر عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ کو دو مئی کو رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی غفلت سے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اسپتالوں اور کلینکس کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
درخواست گزار اسد افتخار کے مطابق کمیشن نے نشوا کیس میں بھی غفلت کا مظاہرہ کیا۔
اپنی درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ دارالصحت اسپتال میں 95 غیر رجسٹرڈ اور غیر تربیت یافتہ نرسز کام کررہی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ اتنی بڑی غفلت پر اسپتال کو صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا لہٰذا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مکمل کارکردگی رپورٹ منگوائی جائے۔
اسد افتخار کا درخواست میں کہنا تھا کہ اسپتالوں، کلینکس، لیبارٹریز اور دیگر طبی اداروں کی مکمل نگرانی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
Leave a comment