حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے، نواز شریف جیل میں ہیں اور یہاں سے ہی تحریک کا آغاز ہو گا

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2019ء) : مسلم لیگ ن نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ نواز شریف صاحب جیل میں بیٹھے ہوئے ہیں اور یہیں سے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہو گا۔ یہ تحریک پورے پاکستان میں جائے گی اور انشاء اللہ رمضان کے بعد اب ہمارا فیصلہ ہو چکا ہے کہ ان لوگوں کو اب اور وقت نہیں دینا کیونکہ مسلم لیگ ن اب پاکستان کی عوام کو مزید مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔بجٹ کے سیشن سے قبل شہباز شریف پاکستان میں ہوں گے۔ بجٹ کے اندر بھی وہ اس حکومت کو ایکسپوز کریں گے۔ جس کے بعد شہباز شریف ہی رمضان المبارک اور عید کے بعد میاں نواز شریف کی رہائی اور حکومت مخالف تحریک کو لیڈ کریں گے۔
میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم سب پاکستان کی عوام کو ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کے لیے اگر ہمیں اکٹھا ہونا پڑا اور اکٹھے مل کر احتجاج کرنا پڑا تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ہم نے اس سے قبل چارٹر آف ڈیموکریسی بھی مل کر ہی سائن کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے بھی رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت مخالف تحریک پارلیمنٹ نہیں سڑکوں پر چلائیں گے۔نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ بلاول بی بی شہید کا بیٹا ہے انگاروں پر چلے گا۔ماضی اور موجودہ ایمنسٹی سکیم میں کوئی فرق نہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال اور عوام کے حکومت پر بڑھتے عدم اعتماد کے بعد اب اگر اپوزیشن جماعتیں بھی اکٹھی ہو گئیں اور حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر دیا تو پھر حکومت کے لیے کافی مشکلات کھڑی ہو جائیں گی
Source:۔
https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2019-05-16/news-1932154.html
Leave a comment