ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں اہم پیشرفت 3 برطانوی گواہوں کا بیان ریکارڈ

Written by:

اسلام آباد: ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جس کے بعد 3 برطانوی گواہوں نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بیان ریکارڈ کروادیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لندن پولیس کے چیف انویسٹی گیشن افسر اسٹیورڈ گرین وے، سارجنٹ اور کانسٹیبل اپنا بیان ریکارڈ کرانے پہنچے۔ اس موقع پر تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عمران فاروق کیس میں غیر ملکی گواہوں کو عدالت سخت سیکیورٹٰی میں لایا گیا جس کے بعد انہوں نے اپنا ریکارڈ پیش کرایا۔ جس میں ملزم کی برطانیہ پہنچنے سے متعلق دستاویزات ، تعلیمی ریکارڈ، کالج حاضری اور ای میلز عدالت میں شامل ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمران فاروق کیس کی تفتیش کا نام “آپریشن ہیسٹار “ رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سال 2010  میں لندن میں قتل ہونے والے ڈاکٹرعمران فاروق کا کیس 2015 سے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیرِسماعت ہے۔

Leave a comment

Design a site like this with WordPress.com
Get started