انضمام شدہ علاقوں میں بیرونی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں: وزیراعظم

Written by:

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انضمام شدہ قبائلی علاقوں کے عوام انتہائی باشعور ہیں تاہم  بعض بیرونی عناصر اِن علاقوں میں انتشار  پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جس کا ادراک ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا میں توانائی، ہائر ایجوکیشن، صحت، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات اور خصوصاً انضمام شدہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ اجلاس ہوا۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور معاون خصوصی ندیم بابر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام انتہائی باشعور ہیں، حکومت کو اس امر کا مکمل ادراک ہے کہ بعض بیرونی عناصر ان علاقوں میں انتشار  پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ایسے بیرونی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں سے انضمام شدہ علاقوں کے عوام کو مکمل طور پر باخبر رکھا جائے اور انہیں اس پورے عمل میں ہر طرح سے شریک بنایا جائے۔ 

ان کا کہنا تھاکہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور ان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا اولین ترجیح ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 21 جولائی کو ضم شدہ قبائلی اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے۔

Leave a comment

Design a site like this with WordPress.com
Get started