
شہری کو بیویوں سے چھپ کر تیسری شادی کرنا مہنگی پڑگئی، کمسن بیٹے کو لے کر پہلی بیوی شوہر کے ولیمے میں آن پہنچی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں ولیمے کی تقریب جاری تھی کہ دلہے کی پہلی بیوی بچے کے ہمراہ پہنچ گئی اور دولہے آصف کا پول کھول دیا کہ یہ تو اس کی تیسری شادی ہے۔
دولہے کی اصلیت جاننے کے بعد لڑکی کے اہلخانہ اور شادی کی تقریب میں آنے والے مہمانوں نے اس پر تشدد کیا اور دلہے کے کپڑے پھاڑ دیئے۔
لڑکی والوں نے پولیس کو طلب کر کے دولہا کو تیموریہ تھانے پہنچا دیا۔
واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ویڈیو میں دولہے کے پھٹے کپڑے دیکھے جا سکتے ہیں ۔
اس دوران دولہا کی دوسری بیوی بھی تھانے پہنچ گئی، دلہے آصف نے تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا جبکہ پولیس نے دونوں پارٹیوں کو عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ سول معاملہ ہے اور عدالت میں حل ہوگا ان کے پاس دولہے کو حراست میں رکھنے کا جواز نہیں ہے لیکن دلہا زخمی حالت میں آیا ہے اور قانونی کارروائی چاہتا ہے تو اسے ایم ایل او کے لیے عباسی شہید اسپتال روانہ کردیا ہے۔
دولہے آصف کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرچکا ہے۔
Leave a comment