
نیوزی لینڈ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو 3 میچز کی ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کے بعد 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ کردیا۔
میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹ سے فتح اپنے نام کی۔
بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو صفر کی فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ، جبکہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اس نے 2 درجہ کی ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے دن بھارت نے 90 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی لیکن آنے والے کھلاڑی بھی کیویز کے وار نہ سہہ سکے اور پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگ میں سب سے کامیاب بولر ٹرینٹ بولٹ رہے انہوں نے 4 بھارتی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ 3کھلاڑیوں کو ٹم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔
کیویز کو اپنی دوسری اننگ میں جیت کے لیے 132 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں لیتھم اور بلینڈل نے شاندار شروعات کی اور 103 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔
لیتھم 52 ، بلینڈل 55 جبکہ ولیمسن 5 رنز بنا سکے اس کے بعد رہی سہی کسر ٹیلر اور نکولز نے پوری کر دی اور یوں نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف 3 وکٹ کھو کر حاصل کرکے سیریز میں دو صفر سے کلین سوئپ مکمل کیا۔
واضح رہے کہ سیریز کی فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 60 پوائنٹس بھی حاصل کیے ہیں۔
Leave a comment